انڈر 19 ورلڈکپ: پاکستان کی شاندار بولنگ، نیوزی لینڈ 110 رنز پر ڈھیر
ہرارے – انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ کے سپر سکس مرحلے کے اہم میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، جو درست ثابت ہوا۔ تباہ کن پاکستانی بولنگ کے سامنے کیوی ٹیم صرف 110 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
ہرارے میں کھیلے جانے والے میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم ابتدا ہی سے مشکلات کا شکار نظر آئی۔ 13 اوورز کے اختتام تک کیوی بیٹنگ لائن اپ 67 رنز پر 6 کھلاڑیوں سے محروم ہوچکی تھی۔
پاکستانی باؤلرز نے مسلسل دباؤ برقرار رکھا اور پوری نیوزی لینڈ ٹیم 28.3 اوورز میں ڈھیر ہوگئی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ہوگو بوگ 39 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
پاکستان کی طرف سے عبدالسبحان نے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ علی رضا نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
دوسری جانب گرین شرٹس کو سیمی فائنل میں رسائی کے لیے نہ صرف یہ میچ بلکہ یکم فروری کو بھارت کے خلاف ہونے والا میچ بھی جیتنا ہوگا۔ پاکستان کو سپر سکس مرحلے کے دونوں میچز میں کامیابی کے ساتھ ساتھ اپنا رن ریٹ بھی بہتر بنانا لازمی ہوگا۔