آبنائے ہرمز میں ایرانی فوجی مشقوں کا اعلان، امریکی بحری جہازوں کو خبردار
تہران – ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے آبنائے ہرمز میں فوجی مشقوں کا اعلان کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکی بحری جہاز ایرانی سمندری حدود میں داخل ہوئے تو ان پر حملہ کیا جائے گا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق پاسدارانِ انقلاب گارڈز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران اپنی سمندری خودمختاری کے تحفظ کے لیے کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ امریکی صدر صرف بیانات تک محدود ہیں، جبکہ جنگ یا امن کا فیصلہ عملی میدان میں ہوتا ہے۔ پاسدارانِ انقلاب نے واضح کیا کہ ایران کسی دباؤ یا دھمکی کو قبول نہیں کرے گا۔
دوسری جانب ایرانی حکومت نے ایک نوٹم (NOTAM) جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ 29 جنوری تک آبنائے ہرمز اور اس سے ملحقہ علاقوں میں 25 ہزار فٹ سے نیچے فضائی پروازیں نہ کی جائیں۔ یہ پابندی جاری فوجی مشقوں کے باعث لگائی گئی ہے۔
دفاعی ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز میں کسی بھی قسم کی کشیدگی عالمی توانائی منڈیوں اور مشرقِ وسطیٰ کی سکیورٹی صورتحال پر گہرے اثرات مرتب کر سکتی ہے، کیونکہ دنیا کے تیل کا بڑا حصہ اسی راستے سے گزرتا ہے۔