لاہور – پرو ہاکی لیگ کے دوسرے مرحلے کیلئے پاکستان ہاکی ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس میں دو اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق گول کیپر عبداللہ اشتیاق کی جگہ علی رضا کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ منان رضا کی جگہ عمیر ستار کو قومی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق عماد بٹ قومی ہاکی ٹیم کی قیادت کریں گے۔اسکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں منیب الرحمان، ارشد لیاقت، محمد عبداللہ، سفیان خان، ارباز احمد، حماد انجم، معید شکیل، غضنفر علی اور زکریا لیاقت شامل ہیں۔
پرو ہاکی لیگ کے دوسرے مرحلے میں پاکستان ہاکی ٹیم اپنا پہلا میچ 11 فروری کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی۔
قومی ٹیم کی تیاریوں کے حوالے سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو جدید تقاضوں کے مطابق تیار کیا جا رہا ہے تاکہ عالمی سطح پر بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا جا سکے۔
