لاہور ۔ پاکستان فلائنگ ڈسک فیڈریشن (PFDF) کو ورلڈ فلائنگ ڈسک فیڈریشن (WFDF) کی جانب سے باضابطہ رکنیت دے دی گئی ہے، جسے پاکستان میں فلائنگ ڈسک کھیلوں کی ترقی اور عالمی سطح پر شناخت کی جانب ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
پاکستان فلائنگ ڈسک فیڈریشن کے صدر اظہر خان برکی، سیکرٹری جنرل سید فراز امجد بخاری اور دیگر عہدیداران نے اس کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ رکنیت پاکستان میں فلائنگ ڈسک اسپورٹس کے روشن مستقبل کی بنیاد ہے۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈ فلائنگ ڈسک فیڈریشن کی جانب سے باضابطہ کورم کے ذریعے رکنیت کا اجرا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عالمی برادری پاکستان فلائنگ ڈسک فیڈریشن کے انتظامی ڈھانچے، شفاف نظام اور کھیل کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں پر بھرپور اعتماد رکھتی ہے۔
رکنیت کے بعد پاکستان اب باقاعدہ طور پر ورلڈ فلائنگ ڈسک فیملی کا حصہ بن چکا ہے، جس سے قومی کھلاڑیوں کے لیے بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت اور عالمی سطح پر نمائندگی کے نئے دروازے کھل گئے ہیں۔
صدر اظہر خان برکی نے کہا کہ پاکستان فلائنگ ڈسک فیڈریشن ملک بھر میں گراس روٹ لیول سے کام کر رہی ہے اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے منظم پروگرامز متعارف کروائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ فیڈریشن نوجوانوں کی ترقی، خواتین کی شمولیت اور کمیونٹی اسپورٹس کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور مختلف شہروں میں اپنی ذیلی تنظیموں کے ذریعے سرگرم عمل ہے۔
پاکستان فلائنگ ڈسک فیڈریشن کی چیئر آف ویمن ونگ اسماء عثمان نے اس موقع پر کہا کہ فیڈریشن اپنے اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ وہ پاکستان میں فلائنگ ڈسک کھیلوں کو شفاف، جامع اور پائیدار بنیادوں پر فروغ دے گی تاکہ خواتین اور نوجوانوں کو قومی و بین الاقوامی سطح پر آگے بڑھنے کے مساوی مواقع میسر آ سکیں۔
