لاہور — سپر ہٹ گانے ’پل پل‘ سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے معروف گلوکار عفان خان رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو گئے۔ گلوکار نے اپنی شادی کا اعلان سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے کیا۔
عفان خان نے نکاح کے پُر مسرت موقع پر سادہ اور نجی تقریب کا اہتمام کیا، جس میں قریبی عزیز و اقارب نے شرکت کی۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر میں گلوکار کو نہایت باوقار اور شاندار انداز میں دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ دلہن کی سادگی اور وقار کو بھی صارفین کی جانب سے بے حد سراہا جا رہا ہے۔
شوبز شخصیات کی مبارکباد
شادی کی خبر سامنے آتے ہی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی متعدد معروف شخصیات اور مداحوں نے جوڑے کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
’پل پل‘ کی ریکارڈ کامیابی
واضح رہے کہ عفان خان کو گانے ’پل پل‘ سے غیر معمولی شہرت حاصل ہوئی، جو اب تک یوٹیوب پر 49 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بار دیکھا اور سُنا جا چکا ہے۔ یہ گانا پاکستان اور بھارت دونوں ممالک میں بے حد مقبول ہوا، جبکہ اس پر ہزاروں ریلز اور مختصر ویڈیوز بھی بنائی گئیں، جس نے گلوکار کو بین الاقوامی سطح پر پہچان دلائی۔
عفان خان کی شادی کی خبر اس وقت سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کر رہی ہے اور مداح جوڑے کے لیے خوشی اور محبت کا اظہار کر رہے ہیں۔
