پاکستان کے بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ پر آئی سی سی کا سخت ردِعمل

0

دبئی — آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کے فیصلے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کھیل کے عالمی اصولوں کی یاد دہانی کرا دی ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے اپنی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی ادارہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے باضابطہ فیصلے سے آگاہ ہونے کا منتظر ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کا ٹورنامنٹ میں شرکت کرنا لیکن مخصوص میچز سے دستبردار ہونا عالمی کھیلوں کے ایونٹس کی بنیادی روح سے مطابقت نہیں رکھتا، جہاں تمام ٹیموں سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ شیڈول کے مطابق مساوی شرائط پر مقابلہ کریں۔

آئی سی سی نے واضح کیا کہ عالمی ٹورنامنٹس کھیلوں کی سالمیت، مسابقت، تسلسل اور انصاف کے اصولوں پر مبنی ہوتے ہیں، اور کسی ایک یا زیادہ میچز میں شرکت نہ کرنا مقابلوں کی افادیت اور توازن کو متاثر کر سکتا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ آئی سی سی قومی پالیسی معاملات میں حکومتوں کے کردار کا احترام کرتی ہے، تاہم ایسے فیصلے نہ صرف پاکستان کے کروڑوں شائقین بلکہ دنیا بھر کے کرکٹ فینز کے مفاد کے بھی منافی ہو سکتے ہیں۔

عالمی کرکٹ ادارے نے خبردار کیا کہ اس نوعیت کا اقدام بین الاقوامی کرکٹ کے نظام اور ایونٹ کی ساکھ کو متاثر کر سکتا ہے۔

آئی سی سی کے مطابق اس کی اولین ترجیح مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کا کامیاب اور منصفانہ انعقاد ہے، جس کی ذمہ داری پی سی بی سمیت آئی سی سی کے تمام رکن ممالک پر عائد ہوتی ہے۔

بیان کے اختتام پر آئی سی سی نے امید ظاہر کی کہ پاکستان ایسے حل کی تلاش کرے گا جو تمام اسٹیک ہولڈرز کے مفادات کا تحفظ کرے اور عالمی کرکٹ کے اصولوں کے مطابق ہو۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.