لاہور – پاکستان کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کے حکومتی فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی حکومت کے فیصلے کے ساتھ کھڑے ہیں۔
شاہد آفریدی نے اپنے بیان میں کہا کہ “سیاست اگر دروازے بند کرتی ہے تو کرکٹ دروازے کھول سکتی ہے، یہ افسوسناک ضرور ہے کہ پاکستان اور بھارت آمنے سامنے نہیں ہوں گے، تاہم میں اپنی حکومت کے فیصلے کے ساتھ کھڑا ہوں۔”انہوں نے مزید کہا کہ “یہ وہ وقت ہے جب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو بیانات کے بجائے فیصلوں کے ذریعے قیادت اور غیرجانبداری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔”
واضح رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، جس کے بعد حکومت پاکستان کی جانب سے فیصلہ کیا گیا کہ قومی ٹیم آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کرے گی تاہم 15 فروری کو بھارت کے خلاف شیڈول میچ نہیں کھیلے گی۔
حکومتی فیصلے کے بعد سابق اور موجودہ کرکٹرز، شائقین اور عالمی کرکٹ حلقوں میں اس معاملے پر بحث جاری ہے جبکہ آئی سی سی بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کے باضابطہ موقف کا منتظر ہے۔
