اسلام آباد – کیپیٹل زون باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن کے صدر اور پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے نائب صدر خرم سعید نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان نیشنل باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ (مسٹر پاکستان) 2025–2026 کا انعقاد 13 مئی کو پاکستان اسپورٹس بورڈ کمپلیکس، جناح اسٹیڈیم اسلام آباد میں کیا جائے گا۔
ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے خرم سعید نے بتایا کہ چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف مہمانِ خصوصی ہوں گے جبکہ وزیراعظم کے مشیر رانا مشہود علی خان بھی تقریب میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس تاریخی ایونٹ کے انعقاد میں پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری سہیل انور اور ڈاکٹر نبیل محمد کے ساتھ ساتھ فیاض الیاس نے اہم کردار ادا کیا ہے۔
خرم سعید کے مطابق کیپیٹل زون کی ٹیم کی تشکیل کے لیے تمام باڈی بلڈنگ ایتھلیٹس کو مطلع کیا جاتا ہے کہ وہ 10 فروری تک کیپیٹل زون باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن کے نائب صدر مصباح الدین سے رابطہ کر کے اپنی رجسٹریشن مکمل کریں۔
انہوں نے بتایا کہ کیپیٹل زون ٹیم کی باضابطہ سلیکشن 10 فروری کو بی آر ایس جم، ویسٹرچ روڈ، راولپنڈی میں منعقد کی جائے گی۔ منتخب ہونے والے ایتھلیٹس پاکستان نیشنل باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ میں مسٹر پاکستان کے مقابلے میں کیپیٹل زون کی نمائندگی کریں گے۔
سلیکشن میں راولپنڈی، اسلام آباد، چکوال، گوجر خان، اٹک، ایبٹ آباد، واہ، ٹیکسلا اور میرپور سے تعلق رکھنے والے تمام اہل ایتھلیٹس شرکت کے مجاز ہوں گے۔
انتظامیہ نے تمام کھلاڑیوں پر زور دیا ہے کہ وہ 10 فروری سے قبل اپنی رجسٹریشن مکمل کریں اور فائنل سلیکشن کے لیے مقررہ تاریخ کو بی آر ایس جم، راولپنڈی میں بروقت موجودگی یقینی بنائیں۔
