اداکارہ لائبہ خان کی بارات کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل، شادی کی تقریبات خبروں کی زینت

0

معروف پاکستانی ڈرامہ اداکارہ لائبہ خان نے اپنی شادی کے یادگار لمحات مداحوں کے ساتھ شیئر کر دیے ہیں، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی بارات کی تصاویر اور ویڈیوز تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔ چار ملین سے زائد فالوورز رکھنے والی لائبہ خان اس وقت اپنی شادی کی تقریبات کے باعث خبروں میں نمایاں ہیں۔

اداکارہ نے چند روز قبل مدینہ منورہ میں نکاح کیا تھا، جس کی اطلاع انہوں نے خود سوشل میڈیا کے ذریعے مداحوں کو دی۔ نکاح کے بعد شادی کی دیگر تقریبات پاکستان میں منعقد ہوئیں، جن میں قریبی دوستوں اور اہلِ خانہ نے شرکت کی۔

حال ہی میں کراچی میں لائبہ خان کے مہندی اور قوالی کے ایونٹس منعقد ہوئے، جن میں شوبز سے تعلق رکھنے والی متعدد شخصیات بھی شریک ہوئیں، جن میں اداکار فیروز خان اور توبہ انور شامل ہیں۔

آج کراچی میں لائبہ خان کی بارات کی تقریب منعقد ہوئی، جس کے حسین لمحات اداکارہ نے خوبصورت ویڈیو اور فوٹوشوٹ کی صورت میں سوشل میڈیا پر شیئر کیے۔ اس موقع پر لائبہ خان نے سرخ رنگ کا دیدہ زیب لہنگا زیب تن کیا، جو سنہری تیلا اور دبکا ورک سے مزین تھا۔ ان کا برائیڈل لک بھارتی اسٹائل سے متاثر دکھائی دیا، جب کہ چو لی اور دوپٹہ روایتی بھارتی انداز میں ڈریپ کیا گیا تھا۔ زیورات کا انتخاب بھی بھارتی طرز کا تھا، جسے مداحوں کی جانب سے خاصا سراہا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ لائبہ خان نے اپنے شوہر کے ساتھ آفیشل تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں، تاہم اس کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر ان کی شادی سے متعلق مختلف افواہیں بھی گردش کر رہی ہیں۔ بعض غیر مصدقہ دعوؤں اور منفی تبصروں کے حوالے سے اداکارہ کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

مداحوں کی بڑی تعداد لائبہ خان کو نئی زندگی کے آغاز پر مبارکباد دے رہی ہے اور ان کے برائیڈل لک کو خوب سراہا جا رہا ہے، جبکہ افواہوں اور قیاس آرائیوں کے باوجود اداکارہ اپنی خوشیوں کے لمحات مداحوں کے ساتھ شیئر کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.