پشاور — صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اسٹیج اداکارہ و ڈانسر منیبہ شاہ جاں بحق ہو گئیں۔ واقعہ ہفتے کی رات رنگ روڈ پر مچنی گیٹ تھانے کی حدود میں پیش آیا۔
پولیس کے مطابق، منیبہ شاہ ایک رکشے میں سفر کر رہی تھیں جب نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کی۔
فائرنگ کے نتیجے میں منیبہ شاہ موقع پر جاں بحق ہو گئیں جبکہ رکشہ ڈرائیور زخمی ہو گیا، جسے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق، فائرنگ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
موقع سے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ کے اطراف میں سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، منیبہ شاہ پشاور کے اسٹیج سرکٹ میں ایک معروف ڈانسر کے طور پر جانی جاتی تھیں اور مختلف تھیٹرز میں پرفارم کر چکی تھیں۔
پولیس نے واقعے کے محرکات جاننے کے لیے مقتولہ کے اہلِ خانہ اور قریبی ساتھیوں سے بھی بیانات لینے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
ابتدائی طور پر واقعہ ذاتی دشمنی یا پیشہ ورانہ رقابت کا نتیجہ ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے تاہم پولیس نے تفتیش مکمل ہونے تک کسی نتیجے پر پہنچنے سے گریز کیا ہے۔

