او آئی سی کور گروپ کے سفیروں کی اقوام متحدہ کے صدر سے ملاقات، اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی دن پر تبادلہ خیال
اقوام متحدہ — اسلاموفوبیا کے خلاف او آئی سی کور گروپ کے سفیروں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر اینالینا بائربوک سے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں ملاقات کی۔ یہ ملاقات آئندہ ماہ منائے جانے والے اقوام متحدہ کے اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی دن کے سلسلے میں کی گئی۔
ملاقات میں اسلاموفوبیا کے حوالے سے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی اور یو این الائنس آف سیویلائزیشنز کے اعلیٰ نمائندے میگوئل اینجل موراٹینوس بھی شریک تھے۔
پاکستان کے اقوام متحدہ میں مستقل مشن کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق او آئی سی کور گروپ نے جنرل اسمبلی کی صدر کے ساتھ 15 مارچ کو منائے جانے والے اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی دن کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے کہا کہ جنرل اسمبلی کی قرارداد 76/254 میں متفقہ طور پر 15 مارچ کو اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی دن کے طور پر منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
پاکستانی مندوب نے یاد دلایا کہ اس دن کی پہلی تقریب 2023 میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل (OIC-CFM) کی پاکستانی صدارت کے دوران منعقد ہوئی، جس کے بعد 2024 اور 2025 میں بھی باقاعدہ طور پر یہ دن منایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی دن او آئی سی کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے اور یہ اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی یکجہتی اور تعاون کی علامت ہے۔