معین علی 6 کروڑ 44 لاکھ روپے میں کراچی کنگز کا حصہ بن گئے
کراچی — پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز کراچی کنگز نے انگلینڈ کے مایہ ناز آل راؤنڈر معین علی کو ڈائریکٹ سائننگ کے تحت ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔ کراچی کنگز نے معین علی کو 6 کروڑ 44 لاکھ روپے میں سائن کیا ہے۔
معین علی پی ایس ایل سیزن 11 میں کراچی کنگز کی نمائندگی کریں گے۔ وہ اس سے قبل 2020 میں بھی پی ایس ایل میں شرکت کر چکے ہیں اور بین الاقوامی کرکٹ میں اپنے وسیع تجربے کے باعث ٹیم کے لیے ایک اہم اضافہ سمجھے جا رہے ہیں۔
کراچی کنگز انتظامیہ کے مطابق معین علی کی شمولیت سے ٹیم کے بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں کو تقویت ملے گی، خاص طور پر مڈل آرڈر میں ان کا تجربہ فیصلہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔
واضح رہے کہ کراچی کنگز پہلے ہی اپنی چار ریٹینشنز کا اعلان کر چکی ہے، جن میں حسن علی (پلاٹینم)، عباس آفریدی (ڈائمنڈ)، خوشدل شاہ (گولڈ) اور سعد بیگ (ایمرجنگ) شامل ہیں۔
پی ایس ایل 11 کے لیے کراچی کنگز کی ٹیم کو متوازن اور مضبوط بنانے کی کوششیں جاری ہیں، جبکہ معین علی کی آمد سے شائقین کی توقعات میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔