ایران اور امریکا کے جوہری مذاکرات جمعے کو مسقط میں ہوں گے، التواء کی افواہوں کی باضابطہ تردید

0

تہران/واشنگٹن — ایران اور امریکا کے درمیان جوہری مذاکرات کے التواء سے متعلق گردش کرنے والی تمام افواہیں اس وقت دم توڑ گئیں جب دونوں ممالک نے باضابطہ طور پر تصدیق کر دی کہ مذاکرات جمعے کی صبح 10 بجے عمان کے دارالحکومت مسقط میں ہی منعقد ہوں گے۔

ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں واضح کیا کہ امریکا کے ساتھ جوہری امور پر بات چیت طے شدہ شیڈول کے مطابق مسقط میں ہوگی۔ انہوں نے مذاکرات کے انعقاد کے لیے سہولیات فراہم کرنے پر عمان کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا، جس سے مسقط کے فعال سفارتی کردار کو ایک بار پھر عالمی سطح پر اہمیت حاصل ہوئی ہے۔

دوسری جانب دو سینئر امریکی عہدیداروں نے بھی امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس پیش رفت کی تصدیق کی اور کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات عمان میں ہی ہوں گے، یوں مذاکرات کے مقام اور التواء سے متعلق قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق ابتدا میں ایران اور امریکا کے جوہری مذاکرات جمعے کو ترکیہ کے شہر استنبول میں شیڈول تھے، تاہم ایران کی جانب سے اچانک مقام کی تبدیلی کا مطالبہ سامنے آیا جس کے بعد فریقین کے درمیان مذاکرات کو عمان منتقل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران نے مقام کی تبدیلی کے ساتھ یہ شرط بھی رکھی کہ مذاکرات میں کسی علاقائی شراکت دار کو شامل نہ کیا جائے اور بات چیت کو صرف جوہری معاملات تک محدود رکھا جائے۔ تاہم ان مطالبات کو امریکا نے مکمل طور پر تسلیم کیا یا نہیں، اس حوالے سے تاحال کوئی حتمی تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.