بنگلہ دیش کی ورلڈ کپ سے محرومی پر پاکستان کا اظہارِ یکجہتی، بنگلہ دیشی وزیر کھیل کا شکریہ
بنگلہ دیش کے وزیر برائے نوجوانان و کھیل آصف نذرل نے 2026 کے آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کی عدم شمولیت کے بعد پاکستان کی جانب سے اظہارِ یکجہتی پر شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ وزیرِاعظم پاکستان شہباز شریف کے اعلان کے بعد پاکستان نے بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا، جو بنگلہ دیش کے ساتھ عملی حمایت کا مظہر ہے۔
آصف نذرل کے مطابق وزیرِاعظم پاکستان نے کابینہ اجلاس میں واضح موقف اختیار کیا کہ کھیل میں سیاست کا کوئی کردار نہیں ہونا چاہیے اور پاکستان کا یہ فیصلہ بنگلہ دیش کے حق میں سوچ سمجھ کر کیا گیا۔ بنگلہ دیشی وزیر کھیل نے اس اقدام کو کھیلوں میں اصولی مؤقف اور سفارتی ہم آہنگی کی مثال قرار دیا۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش نے 22 جنوری کو سکیورٹی خدشات اور آئی سی سی کی جانب سے مبینہ غیر منصفانہ رویے کے باعث ٹی20 ورلڈ کپ سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا۔ بنگلہ دیش کے ٹورنامنٹ سے ہٹنے کے بعد اس کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو شامل کر لیا گیا ہے۔
اسکاٹ لینڈ کو گروپ سی میں انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، اٹلی اور نیپال کے ساتھ رکھا گیا ہے، جبکہ اسکاٹش ٹیم اپنا پہلا میچ 7 فروری کو کولکتہ کے تاریخی ایڈن گارڈنز میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گی۔
آصف نذرل کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال عالمی کرکٹ میں سکیورٹی، انتظامی شفافیت اور کھیلوں میں غیر جانبداری سے متعلق ایک نیا سفارتی اور اخلاقی پہلو اجاگر کر رہی ہے، جس کے اثرات مستقبل کی عالمی کرکٹ پالیسیوں پر بھی پڑ سکتے ہیں۔