امریکا اور روس کے درمیان جوہری ہتھیاروں کی حد مقرر کرنے والا آخری معاہدہ نیو اسٹارٹ ختم

0

امریکا اور روس کے درمیان جوہری ہتھیاروں کی تعداد محدود کرنے والا آخری اور اہم معاہدہ نیو اسٹارٹ آج 5 فروری کو باضابطہ طور پر ختم ہوگیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق معاہدے کی مدت ختم ہونے کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان نہ تو اس میں توسیع پر اتفاق ہو سکا اور نہ ہی کسی متبادل فریم ورک پر کوئی پیش رفت سامنے آئی۔

روسی صدر کے معاون یوری اوشاکوف نے اس موقع پر کہا ہے کہ روس اسٹریٹیجک استحکام برقرار رکھنے کے لیے سفارتی ذرائع استعمال کرنے کے عزم پر قائم ہے، تاہم موجودہ حالات میں کوئی نیا معاہدہ طے نہیں پایا۔

رپورٹس کے مطابق معاہدے کے خاتمے سے ایک روز قبل روسی وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں واضح کیا تھا کہ نیو اسٹارٹ کی مدت پوری ہونے کے بعد دونوں فریق اب معاہدے کے تحت کسی بھی قسم کی ذمہ داری کے پابند نہیں رہے اور آئندہ اقدامات کا تعین آزادانہ طور پر کریں گے۔

واضح رہے کہ نیو اسٹارٹ معاہدہ 2010 میں طے پایا تھا جس کے تحت امریکا اور روس جوہری وارہیڈز، بین البراعظمی بیلسٹک میزائلوں اور اسٹریٹیجک لانچرز کی تعداد ایک مخصوص حد تک محدود رکھنے کے پابند تھے۔ اس معاہدے کو عالمی سطح پر جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ایک اہم ستون سمجھا جاتا رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق معاہدے کے خاتمے سے عالمی اسلحہ کنٹرول نظام کو شدید دھچکا لگنے کا خدشہ ہے اور امریکا و روس کے درمیان اسٹریٹیجک کشیدگی میں اضافے کے امکانات بھی بڑھ گئے ہیں۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.