سعودی عرب اونٹوں کے لیے پاسپورٹ سسٹم متعارف کروا رہا ہے، 22 لاکھ اونٹوں کی رجسٹریشن کا منصوبہ
سعودی عرب نے ملک میں موجود لاکھوں اونٹوں کو پاسپورٹ جاری کرنے کے منصوبے کا اعلان کر دیا ہے، جس کا مقصد مملکت کے قیمتی اونٹوں کے ریوڑوں کا بہتر انتظام اور نگرانی کرنا ہے۔
سعودی وزارتِ ماحولیات، پانی اور زراعت کے مطابق اس اقدام سے اونٹوں کے شعبے میں پیداواری صلاحیت اور مجموعی کارکردگی میں اضافہ ہوگا، اور اونٹوں سے متعلق جامع اور قابلِ اعتماد ڈیٹا بیس تیار کیا جا سکے گا۔ وزارت کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری پوسٹ میں اونٹوں کے پاسپورٹ کی تصویر بھی شیئر کی گئی ہے، جو سبز رنگ کا ہے اور اس پر سعودی عرب کا قومی نشان اور سنہری رنگ میں اونٹ کی تصویر نمایاں ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2024 میں سعودی عرب میں اونٹوں کی تعداد تقریباً 22 لاکھ تھی۔ تاریخی اور ثقافتی اہمیت کے حامل یہ جانور صدیوں سے عرب دنیا میں نقل و حمل کا ذریعہ رہے ہیں اور آج بھی مالکان کے لیے وقار اور سماجی حیثیت کی علامت سمجھے جاتے ہیں۔
سعودی عرب میں اونٹوں کی افزائش ایک منافع بخش صنعت کی شکل اختیار کر چکی ہے، جہاں ہر سال مختلف تہواروں کے دوران اونٹوں کے حسن کے مقابلے منعقد ہوتے ہیں اور شوقین افراد اپنے اونٹوں پر لاکھوں ڈالر خرچ کرتے ہیں۔ حکام کے مطابق بعض مواقع پر بددیانت افراد غیر قانونی طریقوں سے مقابلوں میں برتری حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں، جس کی روک تھام کے لیے اونٹوں کی باقاعدہ رجسٹریشن اور پاسپورٹ کا اجرا ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔