امریکا اور بھارت کے درمیان عبوری ٹریڈ ڈیل کا فریم ورک جاری، ٹیرف میں نمایاں کمی
واشنگٹن/نئی دہلی — امریکا اور بھارت کے درمیان عبوری تجارتی معاہدے (انٹرم ٹریڈ ڈیل) کے فریم ورک کا باضابطہ طور پر اجراء کر دیا گیا ہے۔ مشترکہ اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک فریم ورک پر فوری عمل درآمد کریں گے اور عبوری معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے کام جاری رکھیں گے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت پر عائد ٹیرف 50 فیصد سے کم کر کے 18 فیصد کر دیا ہے۔ اس کے بدلے بھارت نے روس سے تیل کی خریداری بند کرنے اور امریکا کے ساتھ تجارت میں حائل رکاوٹیں ختم کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
مشترکہ اعلامیے کے مطابق امریکا اور بھارت کی جانب سے مارچ میں اس عبوری ٹریڈ ڈیل پر باضابطہ دستخط متوقع ہیں، جس سے دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات میں نئی پیش رفت کا امکان ہے۔
دوسری جانب بھارتی وزیر تجارت نے بھی اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاہدے کے بعد بھارت امریکا پر عائد ٹیرف میں مزید کمی کرے گا، جس سے دوطرفہ تجارت کو فروغ ملے گا۔
ماہرین کے مطابق یہ عبوری معاہدہ امریکا اور بھارت کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو مضبوط بنانے اور خطے میں تجارتی توازن پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔