اسلام آباد خودکش دھماکہ: سعودی عرب، ترکیہ اور ایران کی شدید مذمت، پاکستان سے اظہارِ یکجہتی

0

اسلام آباد — سعودی عرب، ترکیہ اور ایران  نے اسلام آباد کی ایک امام بارگاہ میں ہونے والے خودکش دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومتِ پاکستان، عوام اور شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

میڈیا کے مطابق دارالحکومت میں پیش آنے والے اس دہشت گرد حملے میں 35 سے زائد افراد شہید جبکہ 200 کے قریب زخمی ہوئے۔ واقعہ نمازِ جمعہ کے دوران پیش آیا جس نے پورے ملک کو سوگوار کر دیا۔

برادر اسلامی ملک سعودی عرب نے اس سفاکانہ حملے کو کھلی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ عبادت گزاروں کو نشانہ بنانا اور بے گناہ شہریوں کا خون بہانا قابلِ مذمت اور ناقابلِ قبول ہے۔ سعودی وزارتِ خارجہ کے بیان میں شہداء کے اہلِ خانہ، حکومتِ پاکستان اور عوام سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔

ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے بھی اسلام آباد میں نمازِ جمعہ کے دوران ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایران ہر قسم کی دہشت گردی اور پرتشدد انتہا پسندی کی بلا امتیاز مخالفت کرتا ہے۔ ایرانی بیان میں شہداء کے لواحقین، پاکستانی عوام اور حکومت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی گئی۔

ترکیہ کی وزارتِ خارجہ نے اس واقعے کو دہشت گردی کی بدنما کارروائی قرار دیتے ہوئے پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کیا۔ ترک بیان میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور زخمیوں کے لیے دعائے صحت کی گئی۔

بین الاقوامی سطح پر اس واقعے کی مذمت نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونا خطے اور عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.