ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026: پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے میں نیدرلینڈز کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی
کولمبو — آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے نیدرلینڈز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کر دیا۔ 148 رنز کا ہدف پاکستان نے آخری اوور میں حاصل کیا، جہاں فہیم اشرف کی جارحانہ اور ذمہ دارانہ بیٹنگ نے میچ کا رخ پلٹ دیا۔
کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ نیدرلینڈز کی ٹیم 19.5 اوورز میں 147 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ میچ کے آغاز میں ہی پاکستان نے دباؤ قائم کر دیا، پہلی وکٹ 28 رنز پر گری جب میکس ڈووڈ 5 رنز بنا کر سلمان مرزا کا شکار بنے۔ دوسری وکٹ 31 رنز پر محمد نواز نے مائیکل لیوٹ (24) کو آؤٹ کر کے حاصل کی۔
تیسری وکٹ 65 رنز پر ابرار احمد نے کولن اکرمین (20) کو پویلین بھیجا۔ بعد ازاں نیدرلینڈز کے بیٹرز نے شراکت قائم کر کے اسکور 105 تک پہنچایا، تاہم محمد نواز نے اس پارٹنرشپ کا خاتمہ کر دیا۔ اس کے بعد پاکستانی فیلڈرز نے شاندار کیچز کے ذریعے دباؤ برقرار رکھا اور پوری ٹیم کو آؤٹ کر دیا۔
پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا نے 3، محمد نواز اور ابرار احمد نے 2، 2 جبکہ صائم ایوب اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ شاداب خان 4 اوورز میں 26 رنز دے کر وکٹ حاصل نہ کر سکے۔
ہدف کا تعاقب:
پاکستان کی اننگز کا آغاز صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان نے کیا۔ صائم ایوب نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 13 گیندوں پر 24 رنز بنائے، جس میں 4 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ دوسری وکٹ 53 رنز پر گری جب کپتان سلمان علی آغا 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد پاکستان کو یکے بعد دیگرے جھٹکے لگے۔ صاحبزادہ فرحان 31 گیندوں پر 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ عثمان خان صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ بابر اعظم 18 گیندوں پر 15 رنز بنا سکے۔ محمد نواز (6) اور شاداب خان (8) کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان مشکلات میں نظر آیا۔
تاہم فہیم اشرف نے آخری لمحات میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 11 گیندوں پر ناقابلِ شکست 29 رنز بنائے اور پاکستان کو آخری اوور میں فتح دلائی۔
پاکستان ٹیم:
پاکستانی ٹیم میں صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، سلمان علی آغا، بابر اعظم، عثمان خان، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، سلمان مرزا اور ابرار احمد شامل تھے۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں 20 ٹیمیں چار گروپس میں تقسیم ہیں۔ پاکستان گروپ اے میں بھارت، نمیبیا، نیدرلینڈز اور امریکا کے ساتھ شامل ہے۔ پاکستان نے اس فتح کے ساتھ ایونٹ میں مضبوط آغاز کر دیا ہے۔