پاکستان نے آسٹریلیا کو ٹی20 سیریز میں کلین سوئپ کر دیا، 7 سال بعد تاریخی کامیابی
لاہور — پاکستان نے تین ٹی20 میچز پر مشتمل سیریز کے آخری مقابلے میں بھی آسٹریلیا کو شکست دے کر کلین سوئپ مکمل کر لیا۔ یہ پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف سات سال بعد پہلی کلین سوئپ فتح ہے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 208 رنز کا ہدف دیا، جس کے تعاقب میں مہمان ٹیم 16.5 اوورز میں 96 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ یوں پاکستان نے میچ 111 رنز کے بھاری مارجن سے اپنے نام کیا۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنائے۔
اوپنر صائم ایوب اور سابق کپتان بابر اعظم نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ صائم ایوب 56 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ بابر اعظم 50 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
مڈل آرڈر میں خواجہ نافع نے 12 گیندوں پر 21 رنز جبکہ شاداب خان نے 19 گیندوں پر 46 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر اسکور کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام رہی اور پوری ٹیم 96 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
مہمان ٹیم کی جانب سے مارکس اسٹوئنس (23) اور کیمرون گرین (22) نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے بولنگ میں محمد نواز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور آسٹریلوی بیٹنگ کی کمر توڑ دی۔
شاہین شاہ آفریدی نے ٹاپ آرڈر کے خلاف 2 اہم وکٹیں حاصل کیں جبکہ نسیم شاہ اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ لی۔
محمد نواز کو بہترین بولنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ کپتان سلمان علی آغا کو مسلسل عمدہ کارکردگی پر سیریز کا بہترین کھلاڑی منتخب کیا گیا۔
میچ سے قبل ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کپتان سلمان علی آغا نے بتایا کہ ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی تھیں۔
آخری میچ کے لیے فخر زمان، خواجہ نافع اور شاہین شاہ آفریدی کو فائنل الیون میں شامل کیا گیا۔