پاک بھارت میچ کے بائیکاٹ پر اماراتی کرکٹ بورڈ کی فیصلے پر نظرِ ثانی کی اپیل

0

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان مجوزہ میچ کے بائیکاٹ کے معاملے پر اماراتی کرکٹ بورڈ بھی سرگرم ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اماراتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے باضابطہ رابطہ کرتے ہوئے بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے فیصلے پر نظرِ ثانی کی درخواست کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اماراتی کرکٹ بورڈ نے پی سی بی پر زور دیا ہے کہ وہ کرکٹ کے وسیع تر مفاد اور ٹورنامنٹ کی مجموعی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس معاملے پر دوبارہ غور کرے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل سری لنکا کرکٹ نے بھی پاکستان کرکٹ بورڈ سے پاک بھارت میچ کے بائیکاٹ پر نظرِ ثانی کی اپیل کی تھی۔ سری لنکن میڈیا کے مطابق سری لنکا کرکٹ نے پی سی بی کو خط لکھا، جس میں بتایا گیا کہ پاکستان کے بائیکاٹ کے اعلان سے سری لنکا کے ٹورازم سیکٹر کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ بائیکاٹ کی خبروں کے بعد بڑی تعداد میں شائقین نے ہوٹل بکنگز منسوخ کر دی ہیں۔

سری لنکا کرکٹ کے خط میں کہا گیا کہ پاک بھارت میچ کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کیے جا چکے ہیں، جن میں میچ کی میزبانی، سیکیورٹی انتظامات اور ٹکٹس کی فروخت شامل ہے۔ خط کے مطابق پاک بھارت مقابلے کے ٹکٹس مکمل طور پر فروخت ہو چکے ہیں اور اس میچ کی ڈیمانڈ ٹورنامنٹ کے دیگر مقابلوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ رہی ہے۔

سری لنکن میڈیا کا کہنا ہے کہ انہی وجوہات کی بنیاد پر سری لنکا کرکٹ نے پاکستان سے اپنے فیصلے پر نظرِ ثانی کا مطالبہ کیا ہے اور تمام میچز کے دوران فول پروف سیکیورٹی کی یقین دہانی بھی کروائی ہے۔

واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 15 فروری کو شیڈول ہے، تاہم پاکستان حکومت پہلے ہی اس میچ کے بائیکاٹ کا اعلان کر چکی ہے، جس پر حتمی فیصلہ حکومتی سطح پر متوقع ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.