مشہور برطانوی ریپر سینٹرل سی نے اسلام قبول کرلیا، نیا نام بھی رکھ لیا
2023 میں ریلیز ہونے والے مقبول انگریزی گانے ’’ٹو مچ‘‘ کے برطانوی گلوکار اور ریپر اوکلی نیل سیزر سو، جو پیشہ ورانہ طور پر سینٹرل سی (Central Cee) کے نام سے جانے جاتے ہیں، نے اسلام قبول کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
سینٹرل سی نے ایک لائیو اسٹریمنگ کے دوران اسلام قبول کرنے اور اپنا نام تبدیل کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے کلمۂ شہادت پڑھ لیا ہے اور اب وہ مسلمان ہیں۔ 27 سالہ ریپر نے یہ بھی انکشاف کیا کہ اسلام قبول کرنے کے بعد انہوں نے اپنا پہلا نام اوکلی تبدیل کر کے عقیل رکھ لیا ہے۔
لائیو اسٹریم کے دوران ان کے ہمراہ موجود دوستوں نے انہیں مبارکباد دی، تاہم سینٹرل سی نے اپنے روحانی سفر اور اس فیصلے کے پس منظر پر مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
اس اعلان سے قبل سینٹرل سی نے کبھی کھل کر اپنے مذہبی عقائد پر گفتگو نہیں کی تھی، تاہم مداحوں کی جانب سے ان کی بعض سوشل میڈیا پوسٹس میں عربی کیپشنز اور اسلامی حوالوں کو دیکھتے ہوئے قیاس آرائیاں کی جاتی رہی تھیں۔
واضح رہے کہ 4 جون 1998ء کو لندن میں پیدا ہونے والے سینٹرل سی نے 2014ء میں موسیقی کے کیریئر کا آغاز کیا۔ وہ برطانوی ڈرل اور ریپ میوزک کی نمایاں شخصیات میں شمار ہوتے ہیں اور اپنی منفرد موسیقی، حقیقت پسندانہ بول اور عام زندگی سے جڑے موضوعات کے باعث دنیا بھر میں لاکھوں مداحوں میں مقبول ہیں۔ مغربی لندن سے تعلق رکھنے والے سینٹرل سی نے مختلف موسیقی اثرات کو یکجا کر کے عالمی سطح پر کامیابی حاصل کی۔