تیسری چیف آف آرمی اسٹاف انٹر ڈویژنل ہاکی چیمپئن شپ آج سرگودھا میں شروع، 9 ڈویژنز کی ٹیمیں شریک

0

تیسری چیف آف آرمی اسٹاف انٹر ڈویژنل ہاکی چیمپئن شپ آج 9 فروری سے آسٹروٹرف ہاکی گراؤنڈ، میلہ منڈی روڈ سرگودھا میں شروع ہو رہی ہے جو 14 فروری تک جاری رہے گی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن اور پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کے اشتراک سے منعقد ہونے والے اس قومی ایونٹ کی میزبانی سرگودھا کو سونپی گئی ہے۔

چیمپئن شپ میں ملک بھر سے 9 ڈویژنز کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ ہر ٹیم 18 کھلاڑیوں اور 3 آفیشلز پر مشتمل ہوگی۔ ایونٹ کے دوران ٹیکنیکل آفیشلز، اولمپئنز، سابق انٹرنیشنل کھلاڑیوں اور دیگر معزز مہمانوں کی شرکت بھی متوقع ہے، جس سے مقابلوں کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوگا۔

کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے کہا کہ اس سطح کے قومی ہاکی ایونٹ کی میزبانی سرگودھا کے لیے اعزاز ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چودھری نے کہا کہ ٹیموں، آفیشلز اور شائقین کے لیے سکیورٹی، رہائش اور دیگر سہولیات کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ مقابلوں کے دوران مربوط انتظامی نگرانی کو یقینی بنایا جائے گا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر طارق حسین بگٹی اور جنرل سیکرٹری رانا مجاہد اولمپین نے ضلعی انتظامیہ کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ چیمپئن شپ قومی کھیل ہاکی کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.