آئی سی سی، پی سی بی اور بی سی بی کے مذاکرات، بنگلہ دیش پرپابندی نہیں لگے گی، مستقبل میں آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی بھی ملے گی

0

لاہور / دبئی – انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کا باضابطہ اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔

آئی سی سی کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں عدم شرکت کے باوجود بنگلہ دیش پر کوئی مالی، انتظامی یا اسپورٹنگ پابندی عائد نہیں کی جائے گی۔ اعلامیے میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ بنگلہ دیش کو مستقبل میں آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی دی جائے گی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ لاہور میں ہونے والے مذاکرات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئے، جن میں آئی سی سی، پی سی بی اور بی سی بی کے درمیان کھلے، مثبت اور تعمیری تبادلۂ خیال ہوا۔ مذاکرات کے دوران ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 اور جنوبی ایشیا میں کرکٹ کے مستقبل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

آئی سی سی نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو عالمی کرکٹ کا ایک اہم ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش آئی سی سی کا مکمل رکن ہے اور 20 کروڑ سے زائد شائقین پر مشتمل ایک بڑی کرکٹ مارکیٹ کی نمائندگی کرتا ہے۔ آئی سی سی نے بنگلہ دیش ٹیم کی ورلڈ کپ میں عدم شرکت پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔

اعلامیے کے مطابق بنگلہ دیش کو ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی سے رجوع کرنے کا مکمل حق حاصل ہوگا۔ مزید یہ کہ بنگلہ دیش 2028 سے 2031 کے دوران ایک آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کرے گا، جس کا فیصلہ معمول کے طریقۂ کار اور ضوابط کے مطابق کیا جائے گا۔

آئی سی سی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ تمام رکن ممالک کرکٹ کے عالمی مفاد، تسلسل اور ساکھ کے تحفظ کے لیے دیانت داری، غیر جانبداری اور باہمی تعاون کے اصولوں کے تحت کام کریں گے اور آئی سی سی ایونٹس میں شرکت سے متعلق طے شدہ ذمہ داریوں کا احترام کریں گے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.