امریکہ نیٹو میں اہم پوزیشنز اور کمانڈ اتحادی ممالک کے سپرد کرے گا
واشنگٹن – صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایات کے تحت امریکہ نے نیٹو میں کئی اہم عہدوں اور کمانڈز اتحادی یورپی ممالک کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاکہ دفاعی اخراجات اور ذمہ داریوں میں اشتراک کو فروغ دیا جا سکے۔
امریکی ذرائع کے مطابق، اس اقدام کے تحت نیٹو کی نیپلز کمانڈ اٹلی کے سپرد کی جائے گی، جو جنوبی یورپ کے امور کی نگرانی کرتی ہے۔ شمالی دفاع کے لیے کمانڈ برطانیہ کے حوالے کی جائے گی، جبکہ امریکہ برطانیہ میں میری ٹائم کمانڈ سنبھالے گا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق، اس اقدام کا مقصد یورپی اتحادیوں کو دفاعی بوجھ میں شریک کرنا اور امریکہ کو چین جیسے بڑھتے ہوئے خطرات پر توجہ مرکوز کرنے کے قابل بنانا ہے۔ تاہم، نیٹو میں مرکزی کردار امریکہ کے پاس برقرار رہے گا۔
فرانس کے جریدے لا لیٹر کی رپورٹ کے مطابق، نیٹو میں کمانڈرز کی یہ منتقلی مکمل کرنے میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں، تاہم اسے اتحادی ممالک کے ساتھ مضبوط تعاون کی نشانی قرار دیا جا رہا ہے۔
نیٹو کے لیے امریکی سفیر میتھیو وائٹکر نے کہا کہ امریکہ نیٹو کو مضبوط کرنے کا خواہاں ہے، نہ کہ اس کا خاتمہ چاہتا ہے، اور یہ ادارہ اپنے 32 رکن ممالک کے ساتھ مزید مضبوط ثابت ہوگا۔
واضح رہے کہ یورپی ممالک نے یوکرین پر روسی جنگ کے بعد سے اپنے دفاعی بجٹ میں اضافہ کیا ہے اور آنے والے برسوں میں مزید اضافہ کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔