وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے "کھیلتا پنجاب پنک گیمز 2026” کا افتتاح کردیا
لاہور – وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے "کھیلتا پنجاب پنک گیمز 2026” کا باقاعدہ افتتاح کردیا، جس میں صوبے بھر سے 3 ہزار 400 خواتین کھلاڑیوں نے بھرپور شرکت کی۔
افتتاحی تقریب پنجاب اسٹیڈیم، نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوئی جہاں وزیراعلیٰ کی آمد پر پُرجوش استقبال کیا گیا۔ تقریب میں صوبائی وزرا، ارکان اسمبلی، سابق قومی و بین الاقوامی ویٹرن کھلاڑیوں اور بڑی تعداد میں طالبات و خواتین کھلاڑیوں نے شرکت کی۔
خواتین کھیلوں کے فروغ کا عزم
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اسٹیڈیم کے مختلف پویلینز کا دورہ کیا اور ہر ڈویژن سے تعلق رکھنے والی خواتین ایتھلیٹس کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور ان کے جذبے اور کارکردگی کو سراہا۔
تقریب کی نمایاں جھلک پنک گیمز کی مشعل برداری تھی، جہاں ہر ڈویژن کی نمائندہ ایتھلیٹ نے مشعل لے کر اسٹیڈیم کا چکر مکمل کیا اور مرکزی مشعل روشن کی، جس کے ساتھ ہی گیمز کا باضابطہ آغاز ہوگیا۔
صوبائی سطح پر خواتین اسپورٹس ایونٹ
"کھیلتا پنجاب پنک گیمز 2026” کو خواتین کھیلوں کے فروغ اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو آگے لانے کی ایک اہم کاوش قرار دیا جا رہا ہے۔ اس ایونٹ میں مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے جن میں صوبے کے تمام ڈویژنز کی نمائندگی شامل ہے۔
ماہرین کے مطابق اس نوعیت کے ایونٹس نہ صرف خواتین کو کھیلوں کی جانب راغب کرتے ہیں بلکہ صوبائی اور قومی سطح پر ٹیلنٹ کی نشاندہی میں بھی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔