خواتین ویٹ لفٹنگ ریفری کورس، پنجاب میں 60 شرکاء کی شرکت
لاہور – پنجاب ویٹ لفٹنگ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام خواتین کے لیے فری ویٹ لفٹنگ ریفری کورس 2026 پنجاب اسٹیڈیم میں منعقد ہوا جس میں صوبے کے پانچ ڈویژنز سے تعلق رکھنے والی تقریباً 60 گرلز نے بھرپور شرکت کی۔
سیکرٹری پنجاب ویٹ لفٹنگ ایسوسی ایشن عقیل جاوید بٹ کے مطابق کورس کا مقصد خواتین کو ویٹ لفٹنگ کے شعبے میں ریفری کے طور پر پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنا اور ان کی بین الاقوامی سطح پر نمائندگی کے مواقع بڑھانا ہے۔
کورس کا افتتاح چیئرپرسن نزہت جبیں نے سابق انٹرنیشنل ویٹ لفٹر مریم شاہ کے ہمراہ کیا۔ اس موقع پر پاکستان ویٹ لفٹنگ ریفری ایسوسی ایشن کے صدر حافظ عمران بٹ نے بطور ڈائریکٹر کورس شرکاء کو انٹرنیشنل ویٹ لفٹنگ فیڈریشن (IWF) کے جدید قوانین، تکنیکی نکات اور مقابلوں کے دوران پیچیدہ فیصلوں کو قواعد کے مطابق نمٹانے کے طریقہ کار سے آگاہ کیا۔
حافظ عمران بٹ نے اس بات پر زور دیا کہ تمام ویٹ لفٹنگ کلبز مزید خواتین ریفریز کی تربیت پر توجہ دیں تاکہ مستقبل میں وہ قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی مؤثر نمائندگی کر سکیں۔
تقریب میں ویٹ لفٹنگ کے فروغ اور خواتین کی بڑھتی ہوئی شمولیت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے شرکاء کو سرٹیفکیٹس بھی دیے گئے۔