نیتن یاہو کو معافی نہ دینا “شرمناک” ہوگا،اسرائیلی عوام کو اپنے صدر کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے، ٹرمپ
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ ایک ماہ کے اندر معاہدہ ممکن ہے، تاہم اگر ایسا نہ ہوا تو صورتحال “بہت تکلیف دہ” ہوسکتی ہے۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا کہ معاہدہ نہ کرنا اس کی بڑی غلطی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ سفارتی راستہ اب بھی موجود ہے اور امریکا کسی تصادم کے بجائے معاہدے کو ترجیح دیتا ہے۔
امریکی صدر نے اسرائیلی سیاست سے متعلق بھی غیر معمولی بیان دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی عوام کو اپنے صدر کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے اور بنیامین نیتن یاہو کو کرپشن کیس میں معافی ملنی چاہیے۔ ان کے مطابق نیتن یاہو کو معافی نہ دینا “شرمناک” ہوگا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ آئندہ ہفتے غزہ سے متعلق مجوزہ امن فریم ورک میں مزید ممالک کی شمولیت کا اعلان بھی کر سکتے ہیں، جسے بعض حلقوں میں “غزہ امن بورڈ” کا نام دیا جا رہا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ایران سے ممکنہ معاہدے اور اسرائیلی داخلی سیاست پر ٹرمپ کے بیانات مشرق وسطیٰ کی سفارتی فضا پر اثر انداز ہو سکتے ہیں، خصوصاً ایسے وقت میں جب غزہ جنگ اور علاقائی کشیدگی بدستور جاری ہے۔