سعودی عرب میں شادی پر سونے کے بسکٹوں کی تقسیم، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل
ریاض – سعودی عرب میں ایک پُرتعیش شادی کی تقریب کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں دلہن کے بھائی کی جانب سے باراتیوں میں سونے کے بسکٹ تقسیم کیے گئے۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک خوبصورت کیس میں 24 قیراط سونے کے بسکٹ سجا کر لائے گئے اور مہمانوں کو ایک ایک کر کے پیش کیے گئے، جس نے تقریب کو غیر معمولی توجہ کا مرکز بنا دیا۔
تقریب کے دوران ایک دلچسپ لمحہ اس وقت سامنے آیا جب خاندان کے ایک بزرگ نے اپنی باری آنے پر ایک کے بجائے دو بسکٹ اٹھانے کی کوشش کی، جس پر وہاں موجود افراد مسکرا دیے جبکہ بعد ازاں یہ منظر سوشل میڈیا پر صارفین کے لیے تفریح کا باعث بن گیا۔
ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد صارفین کی بڑی تعداد نے اس شاہانہ انداز کو عرب روایات کی عکاسی قرار دیا جبکہ کئی افراد نے بزرگ کی “پھرتی” پر مزاحیہ تبصرے کیے۔ بعض صارفین نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ایسی شادیوں میں شرکت کا موقع ملنا چاہیے جہاں تحفے میں سونا دیا جاتا ہو۔
سعودی عرب میں شادیوں پر بھاری اخراجات اور قیمتی تحائف دینا کوئی نئی بات نہیں، تاہم مہمانوں میں سونے کے بسکٹوں کی تقسیم نے اس تقریب کو حالیہ دنوں کی نمایاں اور مہنگی ترین شادیوں میں شامل کر دیا ہے۔