سعودی وزیر دفاع اور پاکستانی آرمی چیف کی ملاقات، سٹریٹجک دفاعی شراکت داری مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ
ریاض – سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان اور پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کے درمیان ریاض میں اہم ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹجک دفاعی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
سعودی میڈیا کے مطابق سعودی وزیر دفاع نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر اپنے بیان میں کہا کہ ملاقات کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات اور دفاعی تعاون کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک عالمی امن و سلامتی کے قیام میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے قریبی تعاون جاری رکھا جائے گا۔
بیان کے مطابق گفتگو میں علاقائی سکیورٹی صورتحال، دفاعی تعاون کے فروغ اور دو طرفہ فوجی روابط کو مزید مستحکم بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاک سعودی شراکت داری نہ صرف دوطرفہ تعلقات بلکہ خطے کے استحکام کے لیے بھی اہم ہے۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون طویل عرصے پر محیط ہے، جس میں فوجی تربیت، مشترکہ مشقیں اور سکیورٹی تعاون شامل ہیں، اور حالیہ ملاقات کو اسی تسلسل کی کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔