امریکہ نے شمال مشرقی شام سے داعش کے 5700 سے زائد قیدیوں کی عراق منتقلی مکمل کر دی

0

واشنگٹن/بغداد – امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے اعلان کیا ہے کہ جمعرات کی رات آخری پرواز کے بعد شمال مشرقی شام سے داعش کے قیدیوں کی عراق منتقلی مکمل ہو گئی ہے۔

سینٹ کام کے مطابق یہ 23 روزہ منتقلی 21 جنوری کو شروع ہوئی تھی، جس کے دوران امریکی افواج نے شام کے حراستی مراکز سے 5700 سے زائد بالغ داعش جنگجوؤں کو عراق کی تحویل میں منتقل کیا۔ یہ مشن امریکی اور اتحادی افواج کے مشترکہ ٹاسک فورس – آپریشن انہیرنٹ ریزولو کے فریم ورک کے تحت انجام دیا گیا۔

عراقی عدلیہ نے منتقلی کے بعد اعلان کیا کہ شام سے آئے گئے 5704 داعش ارکان میں 4253 عرب اور 983 غیر ملکی شامل ہیں۔ عراقی عدلیہ نے بتایا کہ داعش کے عراقی ارکان کی تعداد 467 ہے اور ان کے خلاف پوچھ گچھ کی کارروائیاں بھی شروع کی جا رہی ہیں۔

امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر نے مشترکہ افواج کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ مشن میں پیشہ ورانہ مہارت، توجہ اور علاقائی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کی اعلیٰ مثال دیکھی گئی۔ مشترکہ ٹاسک فورس کے کمانڈر میجر جنرل کیون لیمبرٹ نے کہا کہ اس محفوظ اور منظم منتقلی سے شام میں داعش کی واپسی کو روکنے میں مدد ملے گی۔

واضح رہے کہ امریکی سینٹرل کمانڈ نے 2014 میں آپریشن انہیرنٹ ریزولو کے تحت داعش کے خلاف مشترکہ افواج کو مشاورت اور تعاون فراہم کرنا شروع کیا تھا۔ داعش نے 2014 میں شمالی اور مغربی عراق کے وسیع علاقوں پر قبضہ کر لیا تھا، لیکن عراقی افواج بین الاقوامی اتحاد کے تعاون سے 2017 میں اسے شکست دینے میں کامیاب ہوئی تھیں۔ گزشتہ برسوں میں عراقی عدالتوں نے دہشت گرد گروہ سے وابستہ افراد کے خلاف سزائے موت اور عمر قید کے فیصلے سنائے ہیں۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.