جنوبی افریقا کی شاندار ہیٹرک، نیوزی لینڈ کو 7 وکٹ سے شکست دے کر سپر ایٹ مرحلے میں رسائی
احمد آباد میں جاری آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے 24ویں میچ میں جنوبی افریقا نے نیوزی لینڈ کو 7 وکٹ سے شکست دے کر سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
جنوبی افریقا نے 176 رنز کا ہدف 18ویں اوور میں صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ کپتان ایڈم مارکرم نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 44 گیندوں پر ناقابل شکست 86 رنز اسکور کیے، جبکہ ڈیوڈ ملر 24 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے۔ مارک چیپمین 48 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ ڈیرل مچل نے 32 رنز کی اننگز کھیلی۔ جنوبی افریقا کے فاسٹ بولر مارکو ینسن نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 40 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
یہ میگا ایونٹ میں جنوبی افریقا کی مسلسل تیسری کامیابی ہے اور وہ 6 پوائنٹس کے ساتھ اپنے گروپ میں سرفہرست ہے۔ اس سے قبل پروٹیز نے کینیڈا کو 57 رنز سے جبکہ افغانستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ڈبل سپر اوور میں شکست دی تھی۔