سعد حریری کی سیاست میں واپسی، فیوچر موومنٹ آئندہ لبنانی انتخابات میں حصہ لے گی

0

بیروت – لبنان کے سابق وزیر اعظم سعد حریری نے اعلان کیا ہے کہ ان کی جماعت فیوچر موومنٹ آئندہ پارلیمانی انتخابات میں حصہ لے گی، جو رواں سال مئی میں متوقع ہیں۔

یہ اعلان انہوں نے اپنے والد اور سابق لبنانی وزیر اعظم رفیق الحریری کی اکیسویں برسی کے موقع پر شہداء اسکوائر میں منعقدہ ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یہ اجتماع رفیق الحریری کے مزار کے قریب منعقد ہوا جس میں جماعت کے کارکنوں اور حامیوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔

سعد حریری حال ہی میں متحدہ عرب امارات سے بیروت واپس پہنچے ہیں اور ان کی واپسی کو لبنانی سیاست میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ وہ اپنے اعتدال پسندانہ مؤقف پر قائم ہیں اور تحمل کو کمزوری نہیں سمجھتے۔ ان کے مطابق انہوں نے ماضی میں اس وقت سیاست سے کنارہ کشی اختیار کی تھی جب انہیں محسوس ہوا کہ ریاستی مفادات پر سمجھوتہ کرنا پڑ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیوچر موومنٹ کا بنیادی نعرہ "ایک لبنان، سب سے پہلے لبنان” ہے اور ملک کو فرقہ واریت اور داخلی کشیدگی سے بچانا ان کی ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لبنان کو سیاسی اور مسلح گروہوں کی تقسیم سے نکال کر قومی وحدت کی طرف لے جانا ہوگا۔

سعد حریری نے معاہدہ طائف پر مکمل عملدرآمد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی اختیار مضبوط ہونا چاہیے اور ہتھیار صرف ریاست کے پاس ہونے چاہئیں۔ ان کے مطابق کسی بھی سیاسی گروہ کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں ہونا چاہیے اور آئینی ڈھانچے کے مطابق تمام اداروں کو فعال بنایا جائے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق سعد حریری کی سیاست میں واپسی آئندہ انتخابات میں سنی ووٹ بینک کو متحرک کر سکتی ہے اور لبنان کے سیاسی منظرنامے پر اہم اثرات مرتب کرے گی، خاص طور پر ایسے وقت میں جب ملک معاشی بحران اور سیاسی عدم استحکام کا شکار ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.