پنجاب کونسل آف دی آرٹس کا ایکشن، تھیٹر ڈراموں میں غیر اخلاقی گانوں پر پرفارم کرنے والی 10 اداکاراؤں کو نوٹس
پنجاب کونسل آف دی آرٹس (پی سی اے) نے ای مانیٹرنگ کے دوران تھیٹر ڈراموں میں غیر اخلاقی اور غیر سنسر شدہ گانوں پر پرفارم کرنے کے معاملے پر سخت کارروائی کرتے ہوئے 10 اداکاراؤں کو نوٹسز جاری کر دیئے ہیں۔
نوٹسز جاری کیے جانے والی اداکاراؤں میں صائمہ چوہدری، افشاں خان، اقرا خان، حسنہ جٹ، ثمر ملک، معصومہ ملک، جیا چوہدری، پھول چوہدری، ثناء ملک اور چاہت چوہدری شامل ہیں۔ پی سی اے نے تمام متعلقہ فنکاروں کو دو روز کے اندر وضاحت جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق ای مانیٹرنگ کے دوران تھیٹر پرفارمنس میں منظور شدہ اسکرپٹ اور سنسر شدہ مواد کے برعکس گانوں اور حرکات کی نشاندہی کی گئی، جس پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے تحت کارروائی عمل میں لائی گئی۔
پنجاب کونسل آف دی آرٹس نے ضلعی انتظامیہ کو بھی خط ارسال کیا ہے جس میں واضح کیا گیا ہے کہ تھیٹرز میں طے شدہ ایس او پیز پر ہر صورت عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا اور کسی کو بھی قواعد کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ حکام کے مطابق خلاف ورزی ثابت ہونے کی صورت میں مزید سخت اقدامات بھی کیے جا سکتے ہیں۔