پرو ہاکی لیگ: قومی ٹیم کی غیرمعیاری رہائش کے معاملے پر تحقیقات شروع

0

اسلام آباد – آسٹریلیا میں جاری پرو ہاکی لیگ کے دوران قومی ہاکی ٹیم کو فراہم کی جانے والی رہائش کے معیار سے متعلق معاملے پر تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاکستان سپورٹس بورڈ نے قومی ٹیم کے دورہ آسٹریلیا کے لیے کھلاڑیوں کو فائیو اسٹار ہوٹل میں ٹھہرانے کی مد میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کو ایک کروڑ روپے سے زائد فنڈز فراہم کیے تھے، تاہم ٹیم کو ہوبارٹ میں ہوٹل کے بجائے گیسٹ ہاؤس میں ٹھہرایا گیا جبکہ سڈنی میں بھی کھلاڑیوں کو ایک رات گیسٹ ہاؤس میں قیام کرنا پڑا۔

اس صورتحال پر حکام نے فنڈز کے استعمال اور رہائش کے انتظامات سے متعلق تفصیلات طلب کرتے ہوئے باقاعدہ انکوائری شروع کر دی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ فراہم کردہ رقم کہاں خرچ ہوئی اور ہوٹل کے بجائے متبادل انتظامات کیوں کیے گئے۔

دوسری جانب پاکستان ہاکی فیڈریشن نے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ آسٹریلیا میں کھلاڑیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی گئی اور رہائش کے انتظامات بین الاقوامی معیار کے مطابق تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حقائق سامنے لائے جائیں گے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.