امریکی طیارہ بردار بیڑہ ایرانی ساحل کے قریب، خطے میں کشیدگی میں اضافہ

0

مشرقِ وسطیٰ میں امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران امریکی طیارہ بردار بحری بیڑہ ایرانی ساحل کے مزید قریب پہنچ گیا ہے جسے خطے میں خطرے کی نئی گھنٹی قرار دیا جا رہا ہے۔

برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی طیارہ بردار جہاز USS Abraham Lincoln پہلے ایران سے تقریباً 700 کلو میٹر کی دوری پر موجود تھا تاہم اب یہ فاصلہ کم ہو کر قریباً 240 کلو میٹر رہ گیا ہے، جس کے بعد فوجی ماہرین نے صورتحال کو حساس قرار دیا ہے۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکا نے ایران کے خلاف روزانہ 800 فضائی حملے کرنے کی صلاحیت حاصل کر لی ہے، جو کسی بھی ممکنہ ایرانی ردعمل کو محدود کرنے کے لیے کافی سمجھی جا رہی ہے۔ مبصرین کے مطابق خطے میں امریکی فوجی موجودگی، بحری اثاثوں اور جنگی سازوسامان میں حالیہ اضافہ ایران پر دباؤ بڑھانے کی حکمتِ عملی کا حصہ ہو سکتا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان سفارتی کشیدگی برقرار ہے اور جوہری پروگرام، میزائل صلاحیت اور علاقائی اثر و رسوخ کے معاملات پر اختلافات موجود ہیں۔

دفاعی مبصرین کے مطابق اگرچہ طیارہ بردار بیڑے کی نقل و حرکت کو معمول کی فوجی تعیناتی بھی قرار دیا جا سکتا ہے، تاہم موجودہ سیاسی ماحول میں اس کے اثرات خطے کی سلامتی کی صورتحال پر پڑ سکتے ہیں اور کسی بھی غلط اندازے سے کشیدگی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.