ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: زمبابوے اور آئرلینڈ کا میچ بارش سے متاثر، سپر ایٹ کی دوڑ دلچسپ مرحلے میں داخل
کینڈی میں جاری بارش کے باعث آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اہم میچ میں زمبابوے اور آئرلینڈ کے درمیان ٹاس تاخیر کا شکار ہو گیا ہے، جس سے گروپ بی کی صورتحال نہایت سنسنی خیز ہو گئی ہے۔
مسلسل بارش کے باعث اگر یہ میچ مکمل طور پر نہ ہو سکا تو زمبابوے پوائنٹس ٹیبل پر برتری برقرار رکھتے ہوئے سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر جائے گا۔ اس وقت زمبابوے نے اپنے دو میچوں میں چار پوائنٹس حاصل کر رکھے ہیں، جو انہیں گروپ میں مضبوط پوزیشن فراہم کر رہے ہیں۔
دوسری جانب آئرلینڈ اور آسٹریلیا تین، تین میچ کھیل کر صرف دو، دو پوائنٹس حاصل کر سکے ہیں، جس کے باعث ان دونوں ٹیموں کی اگلے مرحلے تک رسائی بارش کے فیصلے سے جڑی ہوئی ہے۔
گروپ بی سے سری لنکا کرکٹ ٹیم پہلے ہی سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے، جبکہ باقی ایک نشست کے لیے زمبابوے، آئرلینڈ اور آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے درمیان مقابلہ جاری ہے۔
اگر میچ منسوخ ہو جاتا ہے تو زمبابوے چار پوائنٹس کے ساتھ اگلے مرحلے میں جگہ بنا لے گا، جبکہ آئرلینڈ اور آسٹریلیا کا سفر پہلے مرحلے میں ہی ختم ہونے کا امکان ہے۔
بارش کے باعث میچ کا فیصلہ تاخیر کا شکار ہے اور شائقین کرکٹ کی نظریں موسم اور میچ ریفری کے فیصلے پر مرکوز ہیں، جو گروپ بی کی آخری پوزیشن کا تعین کرے گا۔