ٹی 20 ورلڈ کپ: نمیبیا کے خلاف اہم میچ، پاکستان ٹیم میں تبدیلیوں پر مشاورت مکمل نہ ہو سکی

0

کولمبو – آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے کے آخری اور فیصلہ کن میچ میں پاکستان کی نمیبیا کے خلاف ممکنہ پلیئنگ الیون پر ٹیم مینجمنٹ تاحال حتمی اتفاق نہ کر سکی۔

ذرائع کے مطابق ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اور کپتان سلمان علی آغا سینئر کھلاڑیوں بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان کو برقرار رکھنے کے حق میں ہیں، جبکہ بعض حلقے بھارت کے خلاف خراب کارکردگی کے بعد تبدیلیوں کے حامی تھے۔

اطلاعات کے مطابق صاحبزادہ فرحان اور ابرار احمد کو پلیئنگ الیون سے باہر کیے جانے کا امکان ہے۔ ان کی جگہ فخر زمان کو اوپنر کے طور پر شامل کرنے اور نسیم شاہ یا سلمان مرزا میں سے کسی ایک کو ٹیم میں کھلانے پر غور جاری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فہیم اشرف کو ڈراپ کر کے خواجہ نافع کو موقع دینے کی تجویز بھی زیر غور ہے، جبکہ اوپننگ جوڑی میں صائم ایوب کے ساتھ بابر اعظم کے میدان میں اترنے کا امکان ہے۔

پاکستان کو سپر 8 مرحلے میں رسائی کے لیے اس میچ میں کامیابی درکار ہے، تاہم میچ بارش سے متاثر ہونے کی صورت میں بھی قومی ٹیم 5 پوائنٹس کے ساتھ اگلے مرحلے میں جگہ بنا سکتی ہے۔ کولمبو میں میچ کے دوران 50 سے 60 فیصد بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے اور موسم ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

قومی ٹیم نے گروپ اے میں اب تک تین میچز کھیلے ہیں جن میں دو میں کامیابی حاصل کی جبکہ بھارت کے خلاف 61 رنز کی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کے بعد اس میچ کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.