رمضان المبارک کا آغاز: سعودی عرب، افغانستان سمیت متعدد ممالک میں پہلا روزہ آج، پاکستان میں کل کا امکان

0

ریاض/اسلام آباد – سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں ماہِ رمضان المبارک کا آغاز ہو گیا ہے جہاں آج پہلا روزہ رکھا جا رہا ہے، جبکہ پاکستان میں کل پہلا روزہ ہونے کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

گزشتہ رات مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں پہلی تراویح کے روح پرور مناظر دیکھنے میں آئے جہاں دنیا بھر سے آئے ہزاروں مسلمان عبادت میں مشغول رہے، شکرانے اور مغفرت کی خصوصی دعائیں کی گئیں۔

سعودی عرب کے علاوہ متحدہ عرب امارات، قطر، کویت اور بحرین سمیت بیشتر خلیجی ممالک اور افغانستان میں بھی آج پہلا روزہ رکھا جا رہا ہے۔ دوسری جانب عراق، عمان، ترکیے، انڈونیشیا اور ملائیشیا میں پہلا روزہ کل ہوگا۔

وسطی ایشیا کے ممالک آذربائیجان، قازقستان، کرغزستان اور ازبکستان میں رمضان المبارک کا آغاز جمعرات سے ہوگا، جبکہ بنگلا دیش، بھارت، جاپان، سنگاپور، آسٹریلیا اور فرانس میں بھی کل پہلا روزہ رکھا جائے گا۔

پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج پشاور میں ہوگا جس کی صدارت مولانا عبد الخبیر آزاد کریں گے۔ اس کے ساتھ ملک بھر میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی ہوں گے جہاں سے موصول ہونے والی شہادتوں کی روشنی میں حتمی اعلان کیا جائے گا۔

محکمہ موسمیات اور ماہرین کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں، جس کے باعث توقع کی جا رہی ہے کہ اجلاس کے بعد رمضان المبارک کا باضابطہ اعلان کر دیا جائے گا۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.