اقوام متحدہ کا مشترکہ امدادی قافلہ سوڈان کے متاثرین تک پہنچ گیا
خرطوم — اقوام متحدہ کے کئی ذیلی اداروں کا مشترکہ امدادی قافلہ سوڈان کی ریاست کردفان کے اہم شہروں ڈلنگ اور کادگلی پہنچ گیا، جہاں ایک لاکھ 30 ہزار سے زائد متاثرین کو ہنگامی امداد فراہم کی جائے گی۔
چینی خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق یہ قافلہ ورلڈ فوڈ پروگرام، یونیسکو، اور یو این ڈویلپمنٹ پروگرام کی جانب سے فراہم کی جانے والی انسانی ہمدردی کی امداد پر مشتمل ہے۔ یہ گزشتہ تین ماہ کے دوران علاقے میں پہلی بڑی امدادی ترسیل ہے، جس میں 26 ٹرکوں پر 700 میٹرک ٹن سے زائد خوراک اور 70 میٹرک ٹن طبی سامان بھیجا گیا۔
ورلڈ فوڈ پروگرام کی قائم مقام کنٹری ڈائریکٹر مکنہ واکر نے بتایا کہ کئی ہفتوں کی تاخیر اور دشوار گزار متبادل راستے اختیار کرنے کے بعد امدادی سامان بالآخر متاثرہ علاقوں تک پہنچ سکا۔ سوڈان میں یونیسیف کے نمائندے شیلڈن ییٹ نے کہا کہ اس امداد سے شدید غذائی قلت کے شکار بچوں کا علاج جاری رکھنے، صاف پانی، صحت کی سہولیات اور دیگر بنیادی خدمات کی بحالی میں مدد ملے گی۔
بیان میں فریقین پر زور دیا گیا کہ وہ بین الاقوامی انسانی قانون کا احترام کریں اور ضرورت مند شہریوں تک امداد کی فوری اور بلا رکاوٹ رسائی یقینی بنائیں۔ واضح رہے کہ کادگلی اور ڈلنگ گزشتہ دو برس سے زائد عرصے تک امداد سے محروم رہے، جس کے باعث ضروری اشیائے خورد و نوش اور طبی سامان کی شدید قلت پیدا ہو گئی تھی۔