ایران امریکا کشیدگی: پولینڈ نے شہریوں کو فوری انخلا کی ہدایت جاری کر دی
امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ممکنہ فوجی تصادم کے خدشات کے پیش نظر پولینڈ نے اپنے شہریوں کو فوری طور پر ایران چھوڑنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
پولینڈ کے وزیراعظم ڈونلڈ ٹسک نے وارسا سے جاری بیان میں خبردار کیا کہ خطے کی بگڑتی سیکیورٹی صورتحال کے باعث آئندہ چند گھنٹوں میں انخلا بھی مشکل ہو سکتا ہے، لہٰذا پولش شہری بلا تاخیر ایران سے نکل جائیں اور فی الحال وہاں سفر کرنے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ حالات انتہائی غیر یقینی ہیں اور کسی بھی وقت صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔
پولینڈ کا یہ ہنگامی انتباہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں تیزی سے اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق واشنگٹن ایران کے خلاف ممکنہ کارروائی کے مختلف عسکری اور سیاسی آپشنز کا جائزہ لے رہا ہے، تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ابھی تک کوئی حتمی اعلان نہیں کیا گیا۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ خطے میں تعینات امریکی افواج کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے جبکہ فوجی تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ دوسری جانب ایران پر ممکنہ حملے کے خدشے کے پیش نظر اسرائیل میں بھی سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور شہریوں کو ہنگامی صورتحال کے پیش نظر محفوظ پناہ گاہوں اور بنکرز کے قریب رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق موجودہ صورتحال خطے میں کسی بھی وقت بڑے تصادم کا پیش خیمہ بن سکتی ہے، جس کے باعث عالمی سطح پر سفارتی سرگرمیوں میں بھی تیزی آ گئی ہے۔