امریکا کے محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے واشنگٹن ڈی وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔
اعلامیے کے مطابق مارکو روبیو نے غزہ کے حوالے سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے امن منصوبے کی حمایت اور بورڈ آف پیس کے افتتاحی اجلاس میں بانی رکن کی حیثیت سے شرکت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے 31 جنوری کو بلوچستان میں ہونے والے حملوں اور 6 فروری کو اسلام آباد میں ہونے والے بم دھماکے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں دونوں ممالک کے درمیان جاری شراکت داری کی اہمیت کو دہرایا۔
ملاقات میں حالیہ اہم معدنیات سے متعلق وزارتی اجلاس میں پاکستان کی شرکت کا خیرمقدم کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اہم معدنی وسائل، توانائی کے شعبے کی ترقی اور امریکی کمپنیوں کے لیے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔
مارکو روبیو نے سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ آج وزیرِاعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔ پاکستان کی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ امن منصوبے کی حمایت اور بورڈ آف پیس میں شرکت کی قدر کرتا ہوں۔ ہماری ملاقات میں اہم معدنی وسائل کی ترقی اور دہشتگردی کے خلاف ہمارے اسٹریٹجک تعلقات پر بات ہوئی۔