پی ایچ ایف کے ایڈہاک صدر محی الدین وانی نے چارج سنبھال لیا، عماد بٹ پر پابندی ختم

0

اسلام آباد — پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ایڈہاک صدر محی الدین وانی نے عہدے کا باضابطہ چارج سنبھال لیا اور قومی ٹیم کے کپتان عماد بٹ پر عائد دو سالہ پابندی فوری طور پر ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

چارج سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے بیان میں محی الدین وانی نے کہا کہ ان کے تمام اقدامات شارٹ ٹرم بنیادوں پر ہوں گے تاکہ ہاکی میں فوری استحکام لایا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ ہاکی کے فروغ اور بحالی کے لیے ہنگامی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں، جبکہ اعتماد کی بحالی، ٹیم مینجمنٹ کی ازسرِ نو تشکیل اور کوچنگ و ٹریننگ کے نظام میں بہتری پر کام جاری ہے۔

ایڈہاک صدر کے مطابق کھلاڑیوں کو صرف ٹریننگ اور میچز پر توجہ دینے کی ہدایت کی گئی ہے اور انتظامی معاملات فیڈریشن خود سنبھالے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام فیصلے شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر کیے جائیں گے۔

محی الدین وانی کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ قریب ہے، اس لیے وقت کم اور کام زیادہ ہے، اسی تناظر میں فوری طور پر تربیتی کیمپ شروع کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کھلاڑیوں سے جلد ملاقات کر کے ہاکی کی بہتری کے لیے مزید اہم فیصلوں کا عندیہ بھی دیا۔

واضح رہے کہ پی ایچ ایف میں بدانتظامی کے معاملات سامنے آنے کے بعد سابق صدر طارق بگٹی مستعفی ہو گئے تھے، جس کے بعد حکومت نے فیڈریشن میں ایڈہاک سیٹ اپ قائم کیا۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.