بنگلہ دیش نے بھارتی ائیرلائن کو فضائی حدود تک رسائی معطل کر دی
ڈھاکہ/نئی دہلی — بنگلہ دیش نے بھارتی کم لاگت ایئرلائن SpiceJet کو غیر ادا شدہ اوور فلائٹ فیس کے باعث اپنی فضائی حدود استعمال کرنے سے عارضی طور پر روک دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلہ دیش کی سول ایوی ایشن اتھارٹی Civil Aviation Authority of Bangladesh نے واجب الادا فیس کی عدم وصولی کے بعد یہ اقدام کیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ادائیگی نہ ہونے تک ایئرلائن کو بنگلہ دیشی فضائی حدود سے گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اس پابندی کے باعث کولکتہ سے شمال مشرقی بھارتی شہروں، خصوصاً گوہاٹی اور ایمفال جانے والی کئی پروازوں کو طویل متبادل راستے اختیار کرنا پڑ رہے ہیں۔ متبادل روٹس کی وجہ سے پرواز کا دورانیہ بڑھ گیا ہے جبکہ ایندھن کے اضافی استعمال سے آپریشنل اخراجات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب اسپائس جیٹ کا کہنا ہے کہ معاملہ معمول کی نوعیت کا ہے اور بنگلہ دیشی حکام کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔ ایئرلائن کے مطابق ادائیگی کے امور جلد طے پا جائیں گے اور فضائی حدود تک رسائی بحال ہونے کی توقع ہے۔