سوشل میڈیا پرسنلٹی نبیہہ خان کی شادی دو ماہ میں ختم، مارننگ شو میں سنگین الزامات
ماہرِ نفسیات اور سوشل میڈیا پرسنلٹی نبیہہ خان نے ٹی وی پروگرام نورِ رمضان میں اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق پہلی مرتبہ تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی شادی صرف دو ماہ میں ختم ہو گئی اور اس دوران انہیں شدید ذہنی دباؤ اور تضحیک کا سامنا کرنا پڑا۔
نبیہہ خان نے پروگرام میں کہا کہ سوشل میڈیا انفلوئنسر حارث کھوکھر سے شادی ان کی زندگی کی بڑی غلطی ثابت ہوئی۔ ان کے مطابق شادی کے بعد انہیں مسلسل الزامات، پابندیوں اور شک کا سامنا رہا، جبکہ انہوں نے گھر بچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہیں ذہنی اذیت دی گئی، دھمکیاں ملیں اور بالآخر انہیں گھر چھوڑنا پڑا، جس کے باعث وہ شدید ذہنی دباؤ اور ڈپریشن کا شکار ہوئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اب مزید خاموش نہیں رہیں گی اور اپنے مؤقف کو عوام کے سامنے رکھیں گی تاکہ دیگر خواتین کو ایسے حالات سے آگاہ کیا جا سکے۔
پروگرام کے دوران میزبان فضا علی بھی جذباتی ہو گئیں اور نبیہہ خان کو دلاسہ دیا۔ ماہر نفسیات ڈاکٹر کاشف فراز نے کہا کہ ایسے معاملات میں متاثرہ فریق کو معاشرتی اور نفسیاتی مدد فراہم کرنا ضروری ہے۔
یہ واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے اور صارفین کی جانب سے مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں، تاہم اس معاملے پر دوسرے فریق کا مؤقف تاحال سامنے نہیں آیا۔