زکوۃ و عشر ترمیمی بل 2025 سینیٹ سے منظور
سینیٹ نے زکوٰۃ و عشر ترمیمی بل 2025 اور اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری پروہیبیشن آف کارپورل پنشمنٹ ترمیمی بل 2022 منظور کر لیے ۔ قومی سلامتی کونسل اور ضابطہ فوجداری سے متعلق ترمیمی بل بھی متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا جبکہ البیرونی انٹرنیشنل یونیورسٹی بل 2025 اور کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلٹی بل متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کے سپرد کر دیئے گئے۔
سینیٹ کے اجلاس میں اہم قانون سازی کی گئی، زکوٰۃ و عشر ترمیمی بل دوہزار پچیس کی ایوان نے منظوری دے دی ۔ اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری پروہیبیشن آف کارپورل پنشمنٹ ترمیمی بل دوہزار بائیس بھی منظور ہوگیا۔ یہ بل سینیٹر سعدیہ عباسی نے پیش کیا تھا۔ قومی سلامتی کونسل ترمیمی بل 2023 اور ضابطہ فوجداری ترمیمی بل 2024 بھی متفقہ طور پر منظور کر لیے گئے، دونوں بل سینیٹر شہادت اعوان کی جانب سے پیش کیے گئے تھے۔
تاہم سینیٹر شہادت اعوان نے پاکستان پینل کوڈ ترمیمی بل 2023 اور سول سرونٹس ترمیمی بل 2024 واپس لے لیے، جس پر سینیٹ نے بلوں کی واپسی کی تحریک منظور کر لی۔ چیئرمین سینیٹ نے البیرونی انٹرنیشنل یونیورسٹی بل دوہزار پچیس متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا۔ اسی طرح سینیٹر شیری رحمان کی جانب سے پیش کردہ کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلٹی بل بھی مزید غور کے لیے قائمہ کمیٹی کے حوالے کر دیا گیا۔