سدرہ امین پر آئی سی سی کی سرزنش، بلا زمین پر مارنے پر ایک ڈی میرٹ پوائنٹ عائد
بلوم فونٹین — پاکستان ویمن ٹیم کی مڈل آرڈر بیٹر سدرہ امین کو جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ون ڈے میچ کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے آفیشل سرزنش اور ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دے دیا۔
آئی سی سی کے اعلامیے کے مطابق سدرہ امین نے میچ کے دوران پلیئرز اور سپورٹ اسٹاف کے لیے مقررہ ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.2 کی خلاف ورزی کی، جو کرکٹ سامان یا گراؤنڈ کے آلات کے ساتھ نامناسب رویے سے متعلق ہے۔
واقعہ پاکستان کی اننگز کے 24ویں اوور میں پیش آیا جب آؤٹ ہونے کے بعد سدرہ امین نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے اپنا بلا زمین پر دے مارا، جس پر میچ آفیشلز نے انہیں چارج کیا۔
یہ گزشتہ 24 ماہ کے دوران ان کی دوسری خلاف ورزی ہے، اس سے قبل انہیں آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 میں بھارت کے خلاف میچ کے دوران بھی ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دیا گیا تھا، جس کے بعد ان کے مجموعی پوائنٹس کی تعداد دو ہو گئی ہے۔
سدرہ امین نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے میچ ریفری کی تجویز کردہ سزا قبول کر لی، جس کے باعث باضابطہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
آئی سی سی قوانین کے مطابق ڈی میرٹ پوائنٹس کی تعداد بڑھنے کی صورت میں کھلاڑی کو معطلی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے، تاہم اس وقت سدرہ امین کسی پابندی کی زد میں نہیں آئیں۔