بولیویا میں بنک کرنسی لیجانے والا فوجی کارگو طیارہ تباہ، 20 افراد ہلاک، نوٹ بکھر گئے
لا پاز (ویب ڈیسک) – بولیویا میں بولیوین ایئر فورس کا C-130 ہرکولیس کارگو طیارہ کریش لینڈنگ کے دوران تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق حادثہ اُس وقت پیش آیا جب طیارہ لینڈنگ کے دوران رن وے سے پھسل کر ایک مصروف ایونیو سے ٹکرا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ طیارہ نئے پرنٹ کیے گئے کرنسی نوٹ لے جا رہا تھا جنہیں بولیویا کا مرکزی بینک منتقل کیا جانا تھا۔
حادثے کے بعد طیارے سے بکھرنے والے نوٹ جمع کرنے کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی جس پر پولیس نے ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ کی۔
ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ جائے حادثہ کو گھیرے میں لے کر امدادی کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آ سکیں اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔