امریکہ۔اسرائیل حملوں پر ثالث عمان برہم: “یہ آپ کی جنگ نہیں”، واشنگٹن سے پیچھے ہٹنے کا مطالبہ

0

مسقط — ایران اور امریکہ کے درمیان جاری مذاکرات میں ثالث کا کردار ادا کرنے والے عمان نے حالیہ امریکی۔اسرائیلی حملوں پر شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے واشنگٹن سے فوری طور پر کشیدگی کم کرنے اور تنازع سے دور رہنے کی اپیل کر دی۔

عمانی وزیر خارجہ بدر البوسیدی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ جاری حملوں نے “فعال اور سنجیدہ مذاکرات کو دوبارہ نقصان پہنچایا” ہے، جس سے سفارتی عمل شدید متاثر ہوا ہے۔

انہوں نے امریکہ کو مخاطب کرتے ہوئے واضح الفاظ میں کہا: “مزید الجھن میں نہ پڑیں، یہ آپ کی جنگ نہیں ہے۔” ان کا کہنا تھا کہ فوجی کارروائیوں نے مذاکرات کے ذریعے حل کی امیدوں کو کمزور کر دیا ہے اور خطے کو مزید عدم استحکام کی طرف دھکیل دیا ہے۔

عمان طویل عرصے سے تہران اور واشنگٹن کے درمیان بیک چینل رابطوں اور جوہری مذاکرات میں اہم ثالثی کردار ادا کرتا رہا ہے، تاہم حالیہ حملوں کے بعد سفارتی عمل کے مستقبل پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔

علاقائی مبصرین کے مطابق مسقط کا یہ غیر معمولی سخت لہجہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ خلیجی ممالک بھی جنگ کے پھیلاؤ اور اس کے ممکنہ معاشی و سلامتی اثرات سے شدید تشویش میں مبتلا ہیں، جبکہ ثالثی کوششوں کے متاثر ہونے سے تنازع کے سیاسی حل کے امکانات مزید کمزور ہو سکتے ہیں۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.