باچا خان ہاکی کلب بنوں نے چیف آف آرمی اسٹاف ہاکی چیمپئن شپ 2026 اپنے نام کرلی
لاہور — چیف آف آرمی اسٹاف ہاکی چیمپئن شپ 2026 کے سنسنی خیز فائنل میں باچا خان ہاکی کلب بنوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے رانا مجاہد علی ہاکی کلب فیصل آباد کو 3 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
لاہور میں کھیلے گئے فائنل میچ میں دونوں ٹیموں نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور شائقین کو ایک دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ باچا خان ہاکی کلب بنوں نے فیصلہ کن لمحات میں بہتر کمبی نیشن اور فِنشنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے برتری حاصل کی اور میچ جیت لیا۔
میچ دیکھنے کے لیے سابق اولمپئنز، ہاکی کے ماہرین اور شائقین کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میں موجود تھی جنہوں نے کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ کھیل کے اختتام پر مہمانِ خصوصی جی او سی محفوظ گیریژن نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
اس موقع پر سابق اولمپئنز کا کہنا تھا کہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے ذریعے ملک میں ہاکی کا نیا ٹیلنٹ سامنے آ رہا ہے اور ایسے ایونٹس قومی کھیل کے احیاء میں اہم کردار ادا کریں گے۔ ان کے مطابق تسلسل کے ساتھ مقابلوں کے انعقاد سے پاکستان میں ہاکی کا مستقبل دوبارہ روشن ہو سکتا ہے۔